08:34 pm - Wednesday 22 February 2012
Islamabad, PK - 8 °CHaze - Humidity: 57%

جاوید ہاشمی کا تحریکِ انصاف میں شمولیت کا فیصلہ

By نیوز ڈیسک - جمعرات دسمبر 22, 2:53 بعد از دوپہر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے بھی پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’’آن لائن‘‘ نے باوثوق ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اس سلسلے میں تمام تر معاملات طے پا چکے ہیں اور جاوید ہاشمی آئندہ چند دنوں میں تحریکِ انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دینگے. یاد رہے کہ مخدوم جاوید ہاشمی مسلسل نظر انداز کئے جانے کے باعث اپنی پارٹی سے نالاں ہیں اور کئی عوامی اجتماعات میں مسلم لیگ ن کی قیادت پر تنقید بھی کرتے رہے ہیں.
پاکستان مسلم لیگ ن میں شنوائی نہ ہونے کے باعث بالآخر انہوں نے پارٹی سے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے. ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے پر جاوید ہاشمی مسلسل عمران خان سے رابطے میں ہیں اور عمران خان نے اُن کو پارٹی میں نمایاں حیثیت دینے پر اتفاق کر لیا ہے.
مسلم لیگ ن کے 63 سالہ رہنما جاوید ہاشمی کا شمار حزبِ اختلاف کے اہم رہنماؤں اور مشرف حکومت کے خلاف ’’اتحاد برائے بحالی جمہوریت‘‘ کے متحرک رہنماؤں میں ہوتا ہے.
انہوں نے سیاست کا آغاز یونیورسٹی میں دورانِ تعلیم پاکستان جمیعت طلباء کے پلیٹ فارم سے کیا جو جماعتِ اسلامی کا طلباء ونگ ہے. عملی سیاست میں وہ ضیاء الحق کی کابینہ کا حصہ بھی رہ چکے ہیں.
12 اپریل 2004ٖء کو فوج کے بعض افسران کی جانب سے لکھے گئے ایک خط کے ذریعے فوج میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ اور جنرل مشرف کی حکومت اور اس کے جارج ڈبلیو بش کی حکومت سے تعلقات پر تنقید کرنے کی پاداش میں بغاوت پر اکسانے، دھوکہ دہی اور توہین کے الزامات کے تحت 23 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی.

Leave a Reply